صدراتی انتخابات کے لیے ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی کے امیدوار ٹیڈ کروز اور جان کیسک نے اتوار کو اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ آنے والے کچھ ری پبلکن پرائمری انتخابات میں ایک دوسرے کے راستے میں نہیں آئیں گے، تاکہ صف اول کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو نامزدگی حاصل کرنے سے روکا جا سکے۔
کروز کی مہم کے منتظمین کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق وہ انڈیانا پر توجہ مرکوز کریں گے اور جان کیسک کو اوریگون اور نیو میکسیکو میں کامیابی کا موقع دیں گے جہاں اوہائیو کے گورنر کو بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔
اس کے عوض جان کیسک نے اپنی مہم کو انڈیانا کی بجائے مغربی ریاستوں پر مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا
ہے۔
انڈیانا میں 3 مئی کو پرائمری انتخابات ہو رہے ہیں جبکہ اوریگون میں 17 مئی کو اور نیو میکسیکو میں 7 جون کو انتخابات ہو رہے ہیں۔
ٹرمپ نے اب تک سب سے زیادہ ریاستوں میں پرائمری انتخابات جیتے ہیں مگر نامزدگی کے لیے درکار 1,237 مندوبین کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ان کا راستہ دشوار ہے۔
کروز اور کیسک کی انتخابی مہموں کے منتظمین کا خیال ہے کہ ان کے درمیان معاہدے سے ٹرمپ کو مزید مندوبین کی حمایت حاصل کرنے سے روکا جا سکتا ہے۔
ٹرمپ کی مخالفت کرنے والے کچھ ری پبلکن ارکان کئی ہفتے سے اس قسم کے معاہدے کا مطالبہ کر رہے تھے مگر اب سوال یہ ہے کہ کروز اور کیسک یہ معاہدہ کرنے میں کہیں دیر تو نہیں ہو گئی۔